دبئی ،27؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) رائل چینلجرس بنگلورو نے پلے آف میں پہنچنے کی جانب اپنا قدم بڑھا دیا ہے ۔ ٹیم نے ممبئی انڈینس کو آئی پی ایل 2021 کے ایک میچ میں 54 رنوں سے شکست دی ۔ آر سی بی کے 165 کے جواب میں ممبئی کی ٹیم 111 رنوں پر ہی سمٹ گئی ۔ آئی پی ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آر سی بی نے ممبئی کو ایک سیزن میں دو مرتبہ شکست دی ہے ۔ اس سے قبل 9 اپریل کو ہونے والے میچ میں ٹیم نے ممبئی کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی ۔ ممبئی کی یہ مسلسل تیسری اور مجموعی طور پر چھٹی شکست ہے۔ اب آر سی بی نے 10 میں سے 6 میچ جیت لئے ہیں اور ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر ہے ۔ آر سی بی کے تیز گیند باز ہرشل پٹیل نے بھی میچ میں ہیٹ ٹرک لی۔ وہ آر سی بی کی جانب سے ہیٹ ٹرک لینے والے تیسرے گیند باز بن گئے ہیں ۔ پوائنٹس ٹیبل میں ممبئی کی ٹیم اب 7 ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ اس کے 10 میچوں میں صرف 8 پوائنٹس ہی ہیں۔
روہت شرما (43) اور کوئنٹن ڈی کاک (24) نے ہدف کے تعاقب میں ممبئی کو اچھی شروعات دلائی۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 57 رنز بنائے ۔ ایک وقت میں ٹیم کا اسکور ایک وکٹ پر 79 رن تھا ۔ لیکن ٹیم نے جلد ہی 4 وکٹیں گنوا دیں اور اسکور 5 وکٹوں پر 97 ہو گیا ۔ ایشان کشن نے 9 ، سوریہ کمار یادو نے 8 اور کرونال پانڈیا نے 5 رن بنائے ۔ میکسویل نے 4 اوورز میں 23 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں ۔
16 اوورس کے بعد ممبئی کا اسکور 5 وکٹوں پر 105 تھا ۔ ٹیم کو آخری 4 اوورس میں 61 رنز بنانے تھے۔ آئی پی ایل کے دوسرے مرحلے کا پہلا میچ کھییل رہے ہاردک پانڈیا صرف 3 رن ہی بنا سکے۔ موجودہ سیزن میں پانڈیا کی کارکردگی ناقص رہی ہے ۔ کیرون پولارڈ بھی صرف 5 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ ہرشل پٹیل نے 17 ویں اوور کی پہلی تین گیندوں پر پانڈیا ، پولارڈ اور راہل چاہر کو آؤٹ کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی ۔ انہوں نے مجموعی طور پر 4 وکٹیں حاصل کیں ۔ لیگ اسپنر یجویندر چہل نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں ۔ ممبئی کی پوری ٹیم 18.1 اوورز میں آل آوٹ ہو گئی۔
اس سے قبل ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ وراٹ کوہلی اور دیو دت پڈکل کھیلنے آئے ۔ پڈیکل اننگز کے دوسرے اوور میں کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے ۔ پاور پلے میں آر سی بی کا اسکور 1 وکٹ پر 48 رنز تھا ۔ کوہلی اور شریکر بھرت نے دوسری وکٹ کے لئے 68 رنز بنائے ۔ ایڈم ملنے نے اننگز کے 16 ویں اوورس کی 5 ویں گیند پر وراٹ کوہلی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ اس کے بعد میکسویل اور اے بی نے چوتھی وکٹ کے لیے 35 رنز بنائے ۔
وراٹ کوہلی (51) اور گلین میکسویل (56) نے نصف سنچریاں بنائیں ۔ ممبئی کی طرف سے جسپریت بمراہ نے 36 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں ۔ تاہم آر سی بی کے بلے باز آخری اوور میں کھل کر نہیں کھیل سکے۔ ٹرینٹ بولٹ ، ایڈم ملنے اور اسپنر راہل چاہر نے بھی 1-1 وکٹیں حاصل کیں ۔